روس پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں، یوکرائن

December 03, 2021

کیف ( نیوز ڈیسک) یوکرائن نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو پر زور دیا ہے کہ وہ روس پر اقتصادی پابندیوں کی تیاری کرے اور کیف کے ساتھ اْس کی فوج کو مضبوط تر بنانے میں تعاون کرے۔ یوکرائنی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ حال ہی میں مغربی اتحاد میں شامل ہوا ہے اور اس کی شمولیت کا مقصد یہی تھا کہ نیٹو اور کییف حکومت مل کر روس کی جارحانہ سرگرمیوں اور اس کے نئے حملے کو روکنے کے لیے ٹھوس حکمت عملی پر بات چیت کریں۔ یوکرائن ایک سابق سویت جمہوریہ ہے ، جو اب یورپی یونین اور نیٹو میں شامل ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے نیٹو پر زور دیا ہے کہ وہ روس کو ان کے ملک پر حملہ کرنے سے روکنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینے پر غور کرے۔ ادھر یوکرائنی وزیر خارجہ نے بدھ کے روز نیٹو کے سفارت کاروں سے ملاقات میں اصرار کیا کہ روس کو یوکرائن میں مداخلت سے باز رکھنے کے لیے پابندیوں کا ایک پیکیج تیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روس ان کے ملک کی سرحدوں پر فوج تعینات کر رہا ہے اور یہ پیش رفت یوکرائن پر روسی حملے کی صورت میں ظاہر ہو سکتی ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے 3نکاتی ایک منصوبہ پیش کیا ہے، جس کے مطابق روس کے ساتھ رابطے کے لیے ایک واضح چینل بنایا جائے۔