عوام کو سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے،شفقت محمود،محمو دالرشید

December 04, 2021

لاہور ( خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ این اے 130 اور پی پی 160 کے عوام کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،حلقے میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے،عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے ہیں۔شفقت محمود اور میاں محمود الرشید نے ان خیالات کا اظہار یونین کونسل 215 نشتر بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین محمد عظمت چوہدری، وائس چیئرمین منصور امین،لیڈی کونسلر مسز ساجدہ ملک،چوہدری صدیق، ذیشان صدیقی، رانا شہریار، محسن مسعود، رانا خالد،شعیب سلیم،ملک شیان،میاں طاہر، آمنہ عامر، رضوانہ اقتدار، شاہینہ کوثر اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔شفقت محمود اور میاں محمود الرشید نے کہا کہ بھیکے وال پنڈ میں 10کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام مکمل کرائے گئے ہیں۔ سیوریج اور واٹر سپلائی کی پائپ لائن بچھائی گئی ہے جبکہ سوئی گیس کی فراہمی اور اندرونی گلیوں کی تعمیر مکمل کرائی گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یونین کونسل 212 علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں آٹھ کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں میں واٹر سپلائی، سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہے، بھیکے وال پنڈ کو پانی کی فراہمی کے لئے علیحدہ ٹیوب ویل بھی نصب کیا جا رہا ہے۔ اہل علاقہ نے ان کاشکریہ ادا کیا۔