12سال سے نامکمل عمار چوک منصوبہ 31دسمبر تک مکمل ہو جائیگا‘ طارق مرتضیٰ

December 06, 2021

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی طارق محمود مرتضیٰ نے کہا ہے کہ عمار چوک پراجیکٹ کا تعمیراتی کام 31دسمبر تک مکمل کر لیا جائیگا۔ عمار چوک پراجیکٹ پر 1.3ارب‘ کچہری چوک پر 3.8ارب اور ڈیفنس چوک پر 2.1ارب روپے لاگت آئیگی۔ کچہری چوک پر دو منزلہ فلائی اوور کی تعمیر 2022ء کے آغاز میں شروع ہو جائیگی جس کے بعد ڈیفنس چوک منصوبے پر کام شروع کر دیا جائیگا۔ عمار چوک منصوبہ 12سال سے زیرالتواء تھا جسے پنجاب حکومت‘ آر ڈی اے اور اسٹیشن ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے جس میں جڑواں انڈر پاسز کا اضافہ، ایچ ٹی اور ایل ٹی کیبلز کو زیر زمین کرنا اور نئی سروسز لائن اور مضبوط ارتھ پینل کا اضافہ شامل ہے۔ چیئرمین آر ڈی اے نے سٹیشن ہیڈ کوارٹر راولپنڈی، چکلالہ کینٹ بورڈ اور ایف ڈبلیو او حکام کا بھی شکریہ اداکیا۔