حکومت عوامی خدمت پر عمل پیرا ہے ‘اشتیاق ارمڑ

December 06, 2021

پشاور (جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات ، ماحولیات و جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت عوامی خدمت پر عمل پیرا ہے اور اسی جذبے کے تحت صحت و تعلیم ، ماحولیات و جنگلات ، آبنوشی و توانائی اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کئی ایک منصوبے مکمل کر چکی ہے جن کی آج ہر سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے۔ گرین خیبر پختونخوا کے خواب کو حقیقی معنوں میں شرمندہ تعبیر کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف اضلاع میں تفریحی پارکوں کا قیام بھی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے ۔خیبر پختونخوا میں بلین ٹری ایفارسٹیشن ، بی آر ٹی ، صحت انصاف کارڈ ، احساس پروگرام ، یوتھ سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام پی ٹی آئی حکومت کے عوام دوست منصوبے ہیں جن سے صوبے کی پسماندگی میں کمی ہو گی اور یہاں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گے ، سابق ادوار میں قومی وسائل کو بیدردی سے لوٹا گیا اور عوام کے مسائل و مشکلات کے حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جبکہ موجودہ حکومت نے ماضی کی حکومتوں کے برعکس عوام کی محرومیوں کے ازالے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور مزید پراجیکٹس بھی صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مکمل کئے جائیں گے کیونکہ پی ٹی آئی حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہے اور عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ حکومت کا بھر پور ساتھ دیں تاکہ ملکی معیشت مستحکم ہو سکے۔