پی ڈی ایم کا 23 مارچ کو اسلام آباد کی جانب مہنگائی مارچ کا اعلان

December 06, 2021


پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 23 مارچ کو اسلام آباد کی جانب مہنگائی مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2018 میں عوامی حمایت سے محروم جعلی حکومت وجود میں آئی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو اسلام آباد میں مہنگائی مارچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک بھر سے لوگ آکر 23 مارچ کو اسلام آباد کے احتجاج میں شرکت کریں گے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ اسمبلیوں سے استعفوں کا مسئلہ بھی آج کے اجلاس میں زیرِ غور آیا، اسمبلیوں سے استعفوں کا کارڈ کب اور کیسے استعمال کرنا ہے، اپنے وقت پر فیصلہ کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے کی پی ڈی ایم اجلاس میں بھرپور مذمت کی گئی، کسی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں پہنچتا،آئندہ اس قسم کےواقعات کی روک تھام ہونی چاہیے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا مہنگائی مارچ آخری راؤنڈ ہوگا، مولانا نے جواب دیا کہ تحریک میں آخری راؤنڈ نہیں ہوتا، تحریک ایک تسلسل کا نام ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ایک نمائندہ سیمینار بھی ہوگا،جس کی وکلاء برادری سے بھی مشاورت کی جائے گی، کل پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسئلہ قومی سطح کا ہے ،اس ملک کی مالک قوم ہے، جدوجہد اور تحریکوں میں حتمی فیصلہ نہیں دیا جاسکتا۔