شدت پسند موجود، سری لنکا میں پاکستانی کرکٹرز کو محتاط رہنے کی ہدایت

December 07, 2021

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) کولمبو میں لنکا پریمیئر لیگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو منتظمین کی جانب سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن ٹورنامنٹ معمول کے مطابق ہورہا ہے۔ ایونٹ میں گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بھی شرکت کررہی ہے، یہ ٹیم ندیم عمر کی ہے جس کے اسٹاف میں بھی پاکستانی ہیں۔ عمر گل ہیڈ کوچ اور اعظم خان منیجر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کولمبو میں گال گلیڈی ایٹرز کو منتظمین نے معمول کی سیکیورٹی دی ہے البتہ پاکستانی کھلاڑیوں کو سیالکوٹ سانحے کی وجہ سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گال کے کپتان بھا نوکا راجا پاکسے نے پاکستانی کرکٹرز اور آفیشل سے ڈریسنگ روم میں کہا ہے کہ پاکستان کی طرح سری لنکا میں شدت پسند موجود ہیں۔ اس لئے آپ غیر ضروری رسک لینے سے گریز کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گال ٹیم کے ساتھ ٹریفک پولیس کی گاڑی اور دو فوجی اہلکار موجود ہوتے ہیں۔ البتہ سادہ کپڑوں میں بھی اہلکار کھلاڑیوں کی حفاظت کے لئے موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ابھی تک پاکستانی کھلاڑیوں کو کسی قسم کی کوئی مشکل نہیں ہے۔دوسری جانب پاکستان میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی توہین مذہب کے الزام میں ہلاکت کے بعد سری لنکا نے لنکا پریمیئر لیگ میں شریک بین الاقوامی کھلاڑیوں کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔سری لنکا کرکٹ کے ایک عہدیدار نے خبر ساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ پاکستان میں قتل ہونے والے فیکٹری ورکر کے واقعے پر سری لنکن عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے جس کے پیش نظر اضافی حفاظتی اقدامات لیے گئے ہیں۔