اشتہارات بے ضابطگی کیس میں نیب کو درخواستوں کا جواب جمع کرانیکی ہدایت

December 07, 2021

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی وغیرہ کیخلاف اشتہارات کے ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطیگیوں سے متعلق ریفرنس میں نیب کو آئندہ سماعت تک درخواستوں پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ پیر کو سماعت کے دوران یوسف رضا گیلانی کے وکیل جاوید اقبال وینس اور نیب پراسیکیوٹر کے علاوہ دیگر عدالت پیش ہوئے، اس موقع پر ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر جواب جمع نہ ہوسکا جس پر عدالت نے درخواستوں پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کی۔ وکیل صفائی بیرسٹر قاسم نواز عباسی نے کہا کہ اس کیس میں قومی خزانہ کو کوئی نقصان نہیں ہوا، یہ کیس ایسا بنایا گیا جس میں کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوئی، عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ نیب نے ملزمان کیخلاف اختیارات سے تجاوز کرنے کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔