پراپرٹی ویلیوایشن، شکایات کے ازالہ کیلئے ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ

December 08, 2021

اسلام آباد (اے پی پی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پراپرٹی کی ویلیوایشن کے حوالہ سے شکایات کے ازالہ کیلئے سٹیٹ بینک کے چوٹی کے ویلیو ایشن ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان ایف بی آر نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ ایف بی آر کی طرف سے حالیہ پراپرٹی ویلیو ایشن نہایت غوروخوض اور فیلڈ فارمیشن کی مشاورت کے بعد مقرر کی گئی۔ پراپرٹی کی ویلیو میں اضافہ دنیا میں رائج بہترین طریقہ کار کو اپناتے ہوئے مارکیٹ قیمت کے قریب تر کیا گیا ہے۔تاہم ایف بی آر کو مختلف حلقوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں جس میں ایف بی آر کی پراپرٹی ویلیو ایشن کو مارکیٹ قیمت سے زائد کہا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں شکایت کو رفع کرنے کے لیے ایف بی آر نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ٹاپ ویلیو ایشن ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے جو تمام سٹیک ہولڈر بشمول رئیل اسٹیٹ ایجنٹس اور ٹائون ڈیویلپرز سے مشاورت کریں گے اور انفرادی طور پر کیسز کی جانچ پڑتال کے بعد اپنی سفارشات پیش کریں گے تا کہ کسی بھی قسم کی غلطی دور کر سکیں اور پراپرٹی کی ویلیو کو مارکیٹ قیمت کے قریب تر کر سکیں۔