بھارتی جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر گِرنے سے پہلے کی ویڈیو سامنے آگئی

December 09, 2021

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت کے تامل ناڈو میں ہیلی کاپٹر گِرنے سے پہلے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فضا میں موجود ہیلی کاپٹر اچانک غائب ہوجاتا ہے۔

ویڈیو دیکھ کر یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دورانِ پرواز ہیلی کاپٹر کا توازن کچھ برقرار نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ ویڈیو گزشتہ روز یعنی 8 دسمبر کی ہے جبکہ یہ ہیلی کاپٹر بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت کا ہے جو کہ تامل ناڈو میں گِر کر تباہ ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا جس میں سوار بھارتی فوج کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت ہلاک ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت، ان کی اہلیہ، ڈیفنس اسسٹنٹ، سیکیورٹی کمانڈوز، فضائیہ کے پائلٹس سمیت مجموعی طور پر 14 افراد سوار تھے۔

بھارتی فضائیہ کا کہنا ہے کہ ایم آئی 17وی 5 ہیلی کاپٹر تامل ناڈو میں گرا۔