• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت کے تامل ناڈو میں ہیلی کاپٹر گِرنے کی وجہ سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل ناڈو میں بھارتی جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے ایک عینی شاہد نے کہا کہ ’اس نے ہیلی کاپٹر کو درختوں سے ٹکرا کر شعلوں میں پھٹتے دیکھا۔‘

اس واقعے کے ایک عینی شاہد کرشنا سوامی نے کہا کہ ’میں نے سب سے پہلے ایک زوردار شور سنا، جب میں یہ دیکھنے باہر آیا کہ کیا ہوا ہے تو میں نے ہیلی کاپٹر کو ایک درخت سے ٹکراتے دیکھا۔ 

عینی شاہد نے کہا کہ ’وہاں ایک بہت بڑا آگ کا گولہ تھا اور پھر وہ دوسرے درخت سے ٹکرا گیا۔ میں نے دو تین لوگوں کو ہیلی کاپٹر سے باہر آتے دیکھا، وہ مکمل طور پر جل چکے تھے اور گرنے لگے تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے مقامی لوگوں کو فون کیا اور ہم نے مدد کرنے کی کوشش کی، اس کے بعد فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات کو اطلاع دی گئی۔‘

واضح رہے کہ جنرل بپن راوت حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں اب تک 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ملٹری ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو کے ہل اسٹیشن کونور کے جنگل میں گر گیا۔

ملٹری ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت بھی سوار تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں بپن راوت کی اہلیہ، ڈیفنس اسسٹنٹ، سیکیورٹی کمانڈوز اور فضائیہ کے پائلٹس سمیت 14 افراد سوار تھے۔

واقعے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، جس کے دوران 3 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ 11 افراد کی لاشیں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔

تازہ ترین