بچی حرمین کا 12 گھنٹے میں پوسٹ مارٹم کیوں نہ ہوسکا؟ وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا

December 26, 2021

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بچی حرمین کی میت کا 12 گھنٹے تک پوسٹمارٹم نہ کیے جانے کا نوٹس لے لیا۔

کراچی کے شاپنگ مارٹمیں ڈکیت اور سیکیورٹی گارڈز کے درمیان مقابلے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی بچی کا پوسٹ مارٹم بروقت کیوں نہ ہوسکا؟ وزیراعلیٰ سندھ نے معاملے کا نوٹس لے لیا اور ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ نور محمد شاہ کو انکوائری افسر مقرر کردیا۔

پولیس سرجن سندھ نے بھی جناح اسپتال کے ایڈیشنل پولیس سرجن سے وضاحت مانگی ہے کہ لیڈی ایم ایل او تعینات ہونے کے باوجود بچی کا 12 گھنٹے تک پوسٹ مارٹم کیوں نہیں ہوا؟

چار سالہ بچی حرمین کو بدھ 22 دسمبر کی رات گولی لگی تھی، جسے زخمی حالت میں رات 11 بجے جناح اسپتال کراچی منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی۔

رات میں اسپتال میں لیڈی میڈیکو لیگل آفیسر (ایم ایل او) نہ ہونے پر بچی کا 12 گھنٹے تک پوسٹمارٹم نہیں ہوسکا تھا۔