بالی ووڈ اداکار عامر خان نے ممبئی میں پریس کانفرنس میں تمام صحافیوں کی موجودگی میں جھوٹ بولنے پر معافی مانگ لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان نے منگل کو ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کی تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے جس کی طویل عرصے سے افواہیں تھیں کہ ان کی حالیہ ریلیز ’ستارے زمین پر‘ او ٹی ٹی ریلیز کو چھوڑ کر براہِ راست یوٹیوب پر ریلیز ہو گی۔
اداکار نے 20 جون کو فلم کی سنیما ریلیز کے دوران تشہیر کرتے ہوئے ہفتوں تک اس بارے میں جھوٹ بولنے پر معافی مانگی اور پے-پر-ویو (pay-per-view) بمقابلہ سبسکرپشن ماڈلز پر اپنے مؤقف کا دفاع کیا۔
پریس کانفرنس میں عامر خان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ جانتے تھے کہ ستارے زمین پر سنیما میں ریلیز کے بعد یوٹیوب پر ریلیز ہو گی اور جس پر انہوں نے سب سے جھوٹ بولا تھا۔
عامر خان نے ایسا کرنے کا اعتراف کیا اور کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں کیونکہ میں نے جھوٹ بولا، جب میں نے کہا کہ ستارے زمین پر یو ٹیوب پر ریلیز نہیں ہو گی، میں نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ میرے پاس کوئی اور چارہ نہیں تھا، مجھے فلم کے سنیما بزنس کا تحفظ کرنا تھا، میں سنیما گھروں کا بہت وفادار ہوں، میری زندگی سنیما سے شروع ہوئی، اس لیے میں نے ہمیشہ اپنی فلموں کے سنیما بزنس کی حفاظت کی کوشش کی ہے، پھر بھی میں معافی مانگتا ہوں کیونکہ مجھے جھوٹ بولنا پڑا ورنہ اس فلم کے لیے میرے خواب وہیں ختم ہو جاتے۔
مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اس بارے میں بات کی کہ وہ اب بھی کیوں مانتے ہیں کہ فلموں کو سنیما ریلیز کے 8 ہفتے بعد او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر ریلیز کرنا فلم انڈسٹری کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پے-پر-ویو ماڈل اور سبسکرپشن ماڈل میں بہت بڑا فرق ہے، جب میں ایک فلم 8 ہفتے بعد سبسکرپشن ماڈل پر ریلیز کرتا ہوں تو لوگ میری فلم نہیں خرید رہے ہوتے وہ صرف او ٹی ٹی پلیٹ فارم کو سبسکرائب کر رہے ہوتے ہیں، اس وقت تک اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کوئی اسے دیکھنا چاہتا ہے یا نہیں، مجھے کسی بڑی کمپنی سے 125 کروڑ روپے نہیں چاہئیں، مجھے اپنے ناظرین سے 100 روپے چاہئیں، میرا ماننا ہے کہ سبسکرپشن ماڈل صرف ہمیں نقصان پہنچا رہا ہے۔
پریس کانفرنس کے بعداداکار و پروڈیوسر نے پاپا رازی فوٹوگرافرز سے بھی بات کی اور کہا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز زیادہ تر بڑے ستاروں والی فلمیں خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، باقی سب کہاں جائیں؟
عامر خان نے بتایا کہ ستارے زمین پر یکم اگست کو اپنی سنیما ریلیز کے 6 ہفتے بعد یوٹیوب پر ریلیز ہو گی اور اسے 100 روپے میں دیکھا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی اپنی تمام فلموں کو یوٹیوب پر ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں جن میں لگان (2001ء)، تارے زمین پر (2007ء) اور پیپلی لائیو (2010ء) شامل ہیں جبکہ اپنے والد مرحوم فلم ساز طاہر حسین کی فلمیں بھی اس پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کرنے کا ارادہ ہے۔