نسلہ ٹاور معاملہ: مقدمے کیلئے باقاعدہ حکمنامہ موصول نہیں ہوا، پولیس حکام

December 27, 2021


سپریم کورٹ کے نسلہ ٹاور کے ذمےداران کے خلاف مقدمے کے فیصلے پر پولیس حکام نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ تاحال باقاعدہ حکمنامہ موصول نہیں ہوا، اس کے ملنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے ذمےداران کے نام اور لیگل ڈپارٹمنٹ سے مشورہ مانگا ہے، ان کے جواب پر مقدمے کی دفعات سمیت دیگر فیصلے کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نسلہ ٹاور کے ذمے داران کے خلاف مقدمے کے حکم کے معاملے پر پولیس حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ تاحال ہمیں باقاعدہ حکمنامہ موصول نہیں ہوا، جیسے ہی حکمنامہ موصول ہوا تو مقدمہ کریں گے۔

انھوں نے بتایا کہ زیادہ امکان ہے کہ مقدمہ صبح درج کیا جائے گا، پولیس حکام کے مطابق لیگل ڈپارٹمنٹ سے مشورہ مانگا ہے، ان کے مشورے پر مقدمے کی دفعات کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے ذمے داران کے نام مانگے ہیں، اگر نام مل جاتے ہیں تو نامزد مقدمہ کیا جائے گا۔ نام نہ ملنے کی صورت میں نامعلوم افسران پر مقدمہ ہوگا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ اس نوعیت کے مقدمات عمومی طور پر اینٹی کرپشن ڈیل کرتا ہے، مقدمے کے اندراج کے بعد اس کی تفتیش میں معلوم ہوگا کہ یہ کیس پولیس ہینڈل کرے گی یا اینٹی کرپشن۔