اسٹاک مارکیٹ، محدود پیمانے پر تیزی، 35 پوائنٹس کا اضافہ

January 13, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سٹاک مارکیٹ میں محدود پیمانے پر تیزی کے باعث 35؍پوائنٹس کا اضافہ ،سرمایہ کاری مالیت 11ارب 11کروڑ روپے بڑھ گئی،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 52فیصد زائد تفصیلات کے مطابق ٹیلی کام،فوڈز، ریفائنری، آٹو اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹرز میں خریداری رجحان کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو اتارچڑھاؤ کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رہی جس سے انڈیکس کی 45900پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی۔ تیزی کے سبب 47فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص میں سرمایہ کاری مالیت 11ارب 11کروڑ روپے سے زائد بڑھ گئی۔عالمی بینک کی رواں مالی سال 3.4فیصد شرح نمو کی پیشگوئی اورحکومت کی جون 2022تک سرکلر ڈیٹ میں 500 تا 700ارب روپے کمی کی حکمت عملی کے سبب کاروبار کے دوران مارکیٹ مثبت زون میں رہی جس سے ایک موقع پر 339پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 46000پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی بحال ہوگئی لیکن فوری منافع کے حصول کے باعث انڈیکس کی مذکورہ حد برقرار نہ رہ سکی جسکے نتیجے میں تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی اورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 35.12پوائنٹس کے اضافے سے 45916.25پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 13.87 پوائنٹس کے اضافے سے 18070.40، کے ایم آئی 30 انڈیکس 239.04پوائنٹس کے اضافے سے 74211.81 اور آل شیئرز انڈیکس44.38 پوائنٹس کے اضافے سے 31388.59 پر بند ہوا۔ کاروباری حجم منگل کی نسبت 52فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 51کروڑ 43لاکھ 84 ہزار 636حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ روز 33 کروڑ 91 لاکھ 2ہزار594شیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔ مجموعی طور پر377کمپنیوں کے حصص میں کاروباری سرگرمیاں رہیں جن میں 176کے بھاؤ میں اضافہ ہوا اور 169 کمپنیوں کے دام میں کمی ہوئی جبکہ 32 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مارکیٹ کا سرمایہ 11ارب 11کروڑ 52لاکھ 57ہزار 636روپے کے اضافے سے 78کھرب 62 ارب 3کروڑ 52 لاکھ 53 ہزار 368روپے ہوگیا۔جن کمپنیوں میں کاروباری سرگرمیاں رہیں ان میں ورلڈ کال ٹیلی کام،یونٹی فوڈز،حیسکول پیٹرول، سینرجی کو پاک،ٹیلی کارڈ،فرسٹ داؤد بینک،فوجی فوڈز،انویسٹ بینک، ٹی آر جی پاک لمیٹڈ اور غنی گلو ہول شامل ہیں۔