نان ایکسپورٹ انڈسٹری کو گیس فراہمی بند کرنے پر حکم امتناع میں توسیع

January 15, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے صوبہ سندھ میں نان ایکسپورٹ انڈسٹری کو گیس کی فراہمی بند کرنے کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کردی۔ جمعہ کو ہائی کورٹ میں صوبے سندھ میں نان ایکسپورٹ انڈسٹری کو گیس کی فراہمی بند کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس میں درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کرلئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر ایس ایس جی سی اور وفاقی حکومت کے وکلاء اپنے دلائل دیں گے۔ عدالت نے گیس فراہمی بند کرنے کا نوٹفیکشن معطل کرنے سے متعلق حکم امتناع میں توسیع کردی۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے گیس کنیکشن منقطع کرنے سے بھی روک رکھا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔ درخواست ٹویو پیکنگ پرائیوٹ لمٹیڈ و دیگر کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ دائر درخواست میں موقف ختیار کیا گیا ہے کہ گیس سپلائی بند کرنا خلاف آئین ہے۔ عدالتی فیصلوں اور آئین کے تحت زیادہ گیس پیدا کرنے والے صوبوں کو گیس کی فراہمی میں ترجیح دی جائے گی۔ گیس فراہمی بند کرنے کا نوٹفیکشن آئین سے متصادم اور عدالتی فیصلوں کے خلاف ہے۔ اس وقت صوبہ سندھ 72 فیصد گیس پیدا کررہا ہے۔ نان ایکسپورٹ انڈسٹری کو 100 فیصد گیس فراہمی بند کرنے کا نوٹفیکشن جاری کیا گیا ہے۔