نوجوان نے گراؤنڈ سے 400 فٹ کی بلندی سے گرائی گئی بال کیچ کرکےنیا ریکارڈ بنادیا

January 16, 2022

تیموتھی شانون جباسیلن نامی ایک سری لنکن نوجوان نےگراؤنڈ سے 400 فٹ کی بلندی سے گرائی گئی بال کیچ کرکےنیا عالمی ریکارڈ بنادیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈزنے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں ایک نوجوان کو گراؤنڈ میں کافی بلندی سے ڈرون کے ذریعے گرائی گئی گیند کیچ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا کہ’ تیموتھی شانون جباسیلن نے کرکٹ گیند کو 393 فِٹ کی بلندی سے کیچ کیا ہے جوکہ کرکٹ کا اب تک سب سے زیادہ بلندی سے کیا گیا کیچ ہے‘۔

تیموتھی شانون نے 2019 میں پہلی بار یہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی تھی تاہم، اس وقت اُنہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وہ 2019 میں یہ عالمی ریکارڈ توڑنے میں تو کامیاب نہیں ہوسکے تھے تاہم، اُن کی انگلی ٹوٹ گئی تھی۔

لیکن تیموتھی شانون نے ہار نہیں مانی اور بالآخر وہ 2021 میں یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

تیموتھی سری لنکا میں پیدا ہوئے تھے اور اُن کی پرورش والدہ نے اکیلے کی تھی، کیونکہ تیموتھی جب صرف تین سال کے تھے تو ان کے والد کا انتقال ہوگیاتھا۔

تیموتھی کی بچپن سے ایک ہی خواہش تھی کہ وہ آسٹریلیا میں رہنا چاہتے ہیں۔

اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے 2018 میں اُنہوں نے تمام تر جمع پونجی سے سڈنی جانے کے لیے یک طرفہ ہوائی جہاز کا ٹکٹ خریدا اور آسٹریلیا پہنچ گئے۔

آسٹریلیا میں ایک نوکری بھی حاصل کرلی جس سے وہ اپنی کفالت کرنے کے قابل ہوگئےہیں ۔

اس کے علاوہ تیموتھی شانون سری لنکا میں رہنے والے یتیموں اور بیواؤں کے لیے بھی رقم اکٹھا کرتےہیں۔

اب اُنہیں امید ہے کہ اپنے اس ریکارڈ کے ساتھ وہ ’گلوبل ٹیلنٹ ویزا‘ پر آسٹریلیا میں رہ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے یہ ریکارڈ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کرسٹن بومگارٹنر کے پاس تھا، اُنہوں نے 374 فِٹ بلندی سے گرائی گئی گیند کیچ کی تھی۔