اسلام آباد میں دہشت گردوں کی پولیس پر فائرنگ، 1 اہلکار شہید 2 زخمی

January 17, 2022


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے میں دہشت گردوں کی پولیس پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید 2 زخمی ہوئے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل منور شہید، امین اور راشد زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد احسن یونس نے پمز اسپتال میں زیر علاج پولیس اہلکاروں کی عیادت کی ۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار ناکہ پر معمول کی چیکنگ پر مامور تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار 2 دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔