رشید ناز طویل علالت کے بعد 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

January 18, 2022

اسلام آباد /پشاور(این این آئی)پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار رشید ناز 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔رشید ناز کے بیٹے حسن نعمان کا کہنا ہے کہ والد کافی عرصے سے علیل تھے اور اسلام آباد کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ حسن نعمان کا کہنا ہے کہ رشید ناز کی نماز جنازہ گزتہ روز فقیرآباد عیدگاہ میں سہ پہر 3 بجے ادا کی گئی۔رشید ناز 9 ستمبر 1948کو خیبرپختون خوا میں پیدا ہوئے، انہوں نے بیشمار فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔1971میں انہوں نے پشتو ڈرامے میں بطور اداکار اپنے ٹیلی ویژن کیریئر کا آغاز کیا۔ رشید ناز نے کئی پشتو، ہندکو اور اردو زبان کے ڈراموں میں کام کیا۔ ان کا پہلا اردو ڈرامہ ʼایک تھا گاؤںʼ تھا جو 1973 میں نشر کیا گیا۔ ان کا پہلا مقبول ڈرامہ ʼناموسʼ تھا۔ انہوں نے پاکستان کے پہلے نجی ٹیلی ویژن کے ڈرامے ʼدشتʼ میں بھی کام کیا۔1988 میں، انہوں نے اپنی پہلی پشتو فلم ʼزما جنگ ʼمیں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی پہلی اردو فلم سید نور کی ʼڈکیتʼ تھی، انہوں نے شعیب منصور کی فلم ʼخدا کے لیےʼ میں بھی کام کیا۔رشید ناز نے شعیب منصور کے ایک معروف ویڈیو گانے ʼعشق محبت اپنا پنʼ میں ایمان علی کے ساتھ بھی کام کیا۔رشید ناز کی مشہور فلموں میں کراچی سے لاہور، ورنہ، خدا کے لیے اور دیگر شامل ہیں۔انہوں نے خدا زمین سے گیا نہیں ہے ، انکار ، انوکھی، اپنے ہوئے پرائے، غلام گردش، دوسرا آسمان، ناموس، پتھر ، ان سمیت دیگر ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری سے شائقین کے دل جیتے۔پیر کی صبح رشید ناز کی بہو اور اداکارہ مدیحہ نقوی نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے یہ خبر دی کہ اداکار رشید ناز اب ہم میں نہیں رہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ʼہمارے پیارے بابا رشید ناز پیر کی صبح اس دنیا سے رخصت ہو گئے، مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے سورہ فاتحہ ضرور پڑھیں۔مداحوں کی بڑی تعداد سوشل میڈیا پر رشید ناز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہی ہے۔