جمی ڈونلڈسن2021 کا سب سے زیادہ کمانے والا یوٹیوبر قرار

January 18, 2022

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) فوربز نے 23 سالہ جمی ڈونلڈسن کو2021کا سب سے زیادہ کمانے والا یوٹیوبر قرار دیاہے، جنہوں نے اشتہارات، سپانسرشپس، کپڑوں، ویڈیو گیمز اور برگرز کی ترسیل سمیت مصنوعات کے بڑھتی ہوئی سلطنت سے 5.4 کروڑ ڈالر (3.9 کروڑ یورو) کی آمدن حاصل کی۔ یہ 2020کے ٹاپ اسٹار کے مقابلے میں تقریباً دوگنی آمدنی تھی، جس کی وجہ سے وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی ٹاپ 40 سلیبریٹیز کی فہرست میں وِن ڈیزل (5.4 کروڑ ڈالر)، جے زی (5.35 کروڑ ڈالر) اور بلی ایلیش (5.3 کروڑ ڈالر) کو پیچھے چھوڑ گئے۔23 سالہ جمی ڈونلڈسن نے 12 سال کی عمر میں یوٹیوب ویڈیوز بنانا شروع کی تھیں۔انہوں نے کئی برس میں بہت سی چیزیں آزمائیں، مائن کرافٹ اور کال آف ڈیوٹی کھیلی، یوٹیوب ڈرامے کا مذاق اڑایا، دیگر یوٹیوبرز کا مذاق اڑایا۔ 2013تک ان کا چینل ’وہ لڑکا‘ (That dude) کہلاتا تھا۔ڈونلڈسن کا کہنا ہے کہ یوٹیوب کی خوبصورتی یہ ہے کہ کوشش دگنی کرنے سے ویوز دگنے نہیں ہوتے، یہ 10 گنا ہو جاتے ہیں۔ آپ کو پہلے 10 لاکھ سبسکرائبرز ملنے میں کئی سال لگیں گے لیکن دوسرے 10 لاکھ چند ماہ میں آ جائیں گے۔‘ 19سال کے ہونے سے پہلے ہی انہیں سالانہ 12.2 کروڑ ویوز مل رہے تھے، اس کے بعد 46 کروڑ۔ انہوں نے 20لاکھ تک گنتی کی، 24گھنٹے تک پانی کے اندر رہنے کی کوشش کی، خود کو برف کے ایک بلاک کے اندر قید کر لیا۔گزشتہ سال مارچ میں جب انہوں نے خود کو 50 گھنٹے تک تابوت میں زندہ دفن کرنے کا اسٹنٹ کیا ۔ڈونلڈسن کے پاس تقریباً 50افراد پر مشتمل ایک ٹیم ہے۔ اپنے ہیرو ایلون مسک کی تقلید کرتے ہوئے انہوں نےمتعدد ٹیک اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کی ہے اور آن لائن تخلیق کاروں کو گرانٹ دینےکیلئے 20لاکھ ڈالر کا سرمایہ کاری فنڈ تشکیل دینے میں مدد کی ہے۔