گڈاپ پولیس نے عدالت میں خاتون سے زیادتی کا معاملہ جھوٹا قرار دیدیا

January 19, 2022

پولیس نے گڈاپ سٹی میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے معاملے کو عدالت میں جھوٹا قرر دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں گڈاپ سٹی میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے مقدمے کو جھوٹا قرار دے کر بی کلاس کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔

اے ٹی سی کورٹ نے پولیس کی مقدمہ بی کلاس کرنے کی رپورٹ منظور کرلی اور دو ملزمان عبدالجبار اور محمد رضا کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ زیادتی کیس کے دونوں ملزمان کے ڈی این اے متاثرہ خاتون سے میچ نہیں ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزمان کے نمونے کراچی اور لاہور کی فارنزک لیب بھیجے گئے تھے، دونوں رپورٹس میں ملزمان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے۔

پولیس کے مطابق خاتون نے ملزمان پر گھر میں گھس کر زیادتی کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔