• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: سمن آباد گرلز کالج سے 22 سالہ طالبہ کا مبینہ اغوا


پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کا گراف کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔

لاہور کے علاقے سمن آباد گرلز کالج سے سیکنڈ ایئر کی 22 سالہ طالبہ اور داتا دربار سے 3 ماہ کی بچی اغوا کرلی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے طالبہ کے اغوا کا نوٹس لے لیا ہے۔

 دوسری طرف لاہور میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران ایک خاتون سمیت 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

پولیس کے مطابق سمن آباد گرلز کالج سے امتحانات دینے کے لیے آئی 22 سالہ طالبہ مبینہ طور پر اغوا کرلی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق لڑکی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ ملت پارک میں بھائی فیاض کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ لڑکی کا فون نمبر بند ہے، جسے کسی نامعلوم نے اغوا کرلیا ہے، دوسری طرف کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لڑکی کالج آئی تھی۔

ادھر داتا دربار سے 3 ماہ کی بچی کو نامعلوم خاتون اغوا کرکے لے گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تاہم بچی کا سراغ نہیں مل سکا۔

نشتر کالونی میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو غیرت کے نام پر قتل کرکے لاش کھیتوں میں پھینک دی، شوہر کو بیوی کے کردار پر شک تھا، مقتولہ کا نام صاحبزادی تھا، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

نشتر کالونی میں خواجہ سرا راشد عرف ثناء کو ا س کے ساتھیوں امان اللّٰہ عرف نرگس اور بلال نے لین دین کے تنازع پر چھریاں مارکر قتل کر دیا، پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا۔

اُدھر ڈیفنس سی سے 30 سالہ مغوی شبیر کی لاش ائیرپورٹ کے قریب گندے نالے سے مل گئی، پولیس نے لاش پوسٹمارم کے لیے بھجوا کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

رائے ونڈ نہر سے بھی نامعلوم شخص کی بوری بند لاش ملی ہے، پولیس نے شواہد جمع کرکے لاش مردہ خانے بھجوا دی۔

قومی خبریں سے مزید