نااہل حکمران مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے صوبے کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں، جمشید دستی

January 20, 2022

ملتان ( سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید احمد دستی نے کہا ہے کہ نااہل حکمران بڑھتی ہوئی مہنگائی اور دیگر بحرانوں سے توجہ ہٹانے کے لئے الگ صوبے کے قیام کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں۔ آٹا، چینی، گھی، کھاد چوروں سے آئندہ بھی خیر کی کوئی توقع نہیں، پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بستی مہاراں میں معروف سیاسی سماجی شخصیت سردار خضرخان بک کی رہائش گاہ پر معروف سیاسی رہنماؤں سردار خضرخان بک،سردار کالوخان بک،سردار ریاض حسین بک،سردار منظور خان بک،سردار صابر خان بک کا برادری سمیت گروپ کو چھوڑکر عوامی راج پارٹی میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر عوامی راج پارٹی یوتھ ونگ ذیشان نور،اظفر علی سمرا، رجب دستی،زمان،نعمان دستی،عمران شاہ و دیگربھی موجود تھے۔