پری نیتی، بھارتی سنگھ کی آنکھ میں آنسو اور متھن چکرورتی کو کیوں توہین یاد آئی؟

January 21, 2022

بھارتی شو میں حصہ لینے والے ایک شخص نے ایسی بات کی کہ پری نیتی چوپڑا اور بھارتی سنگھ رودیں جبکہ متھن چکرورتی کو اپنی توہین یاد آگئی۔

بھارتی ٹی وی پر نیا ریئلٹی شو شروع ہونے جارہا ہے، جس میں متھن چکرورتی، کرن جوہر اور پری نیتی چوپڑا جج جبکہ میزبان بھارتی سنگھ اور اُن کے شوہر ہرش لمباچیا ہیں۔

ایسے میں ایک ہنر باز منوج جین نے پہلے تو اپنی پرفارمنس سے تمام لوگوں کے دل جیت لیے اور پھر اپنی دکھی کہانی سنائی تو تمام ہی لوگ غمزدہ ہوگئے۔

منوج جین کی پرفارمنس اور ججز سے اُن کی گفتگو پر مبنی پرومو سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔

جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہنر باز میں کیسے منوج جین نے اپنی جادوئی چالوں سے سب کو حیران اور ہرش لمباچیا کو ہپناٹائز کیا۔

اس موقع پر متھن چکرورتی نے کھڑے ہوکر اُن کی پرفارمنس کی خوب تعریف کی اور ساتھ ہی شو میں حصہ لینے کے مقصد سے متعلق سوال کیا۔

اس موقع پر منوج جین نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کو غلط ثابت کرنا چاہتے ہیں، جس نے رشتے داروں کے اُن کے پیشے پر حقارت آمیز تبصرے کے بعد اُن سے بات کرنا چھوڑ دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ مجھ سے اتنی نفرت کرتا ہے کہ میرے ساتھ بھی نہیں رہتا۔

اس موقع پر متھن چکرورتی نے منوج سے کہا کہ میں آپ کے بیٹے سے بات کرنا چاہتا ہوں، اس پر والد نے کہا کہ وہ فون ہی نہیں اٹھائے گا اور نہ ہی بات کرے گا۔

اس پر متھن چکرورتی نے کہا کہ آپ فون لگائیں وہ میرے ساتھ اتنا ہی کرے گا نہ کہ کال کاٹ دے گا، اتنی توہین میری بہت ہوئی ہے، فکر مت کریں۔

منوج جین نے شو سے براہ راست اپنے بیٹے کو کال لگائی تاہم انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔

متھن چکرورتی کو اس دوران ماں اور باپ کی اپنے بچوں کے لیے محبت سے متعلق بات بھی کہی۔

اُن کا کہنا تھاکہ ماں تو بچے کو 9 ماہ اپنے پیٹ میں پالتی ہے باپ تو انہیں ساری زندگی سنبھالتا ہے۔