اسامہ بن لادن کا قریبی ساتھی امریکی حملے میں ہلاک

January 22, 2022

فائل فوٹو

کالعدم تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کا قریبی ساتھی صالح بن سالم یمن میں امریکی حملے کے دوران ہلاک ہوگیا۔

صالح بن سالم القاعدہ کے بانی سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے تھے۔

جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کی شاخ اے کیو اے پی نے یمن میں امریکی فضائی حملے میں اپنے ایک اہم فوجی کمانڈر کی ہلاکت کا اعلان جمعے کے روز کیا ہے۔

تنظیم نے صالح بن سالم بن عبید عبولان جو ابو امیر الحضرمی کے نام سے مشہور تھے کی ہلاکت کی تصدیق تو کی مگر ان کے قتل کی تاریخ یا جگہ کا ذکر نہیں کیا۔

ایک غیر سرکاری انٹیلی جنس گروپ سائٹ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اے کیو اے پی کا بیان شیئر کیا۔

صالح یمن میں القاعدہ کے ہلاک ہونے والے پہلے اہم رہنما نہیں ہیں۔

اس سے قبل 2020 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن میں القاعدہ کے رہنما قاسم الریمی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

قاسم الریمی کو شدت پسندوں کی جانب سے امریکی بحری اڈے پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کے چند دن بعد ہلاک کیا گیا تھا، وہ یمن میں القاعدہ کے بانی رہنما تھے۔