وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کے اجلاس کی مزید تفصیل سامنے آگئی

January 24, 2022



وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کے اجلاس کی مزید تفصیل سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنارہی ہیں، مجرموں سے ڈیل یا مفاہمت قوم سے غداری کے مترادف ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ن لیگ سیاسی جماعت نہیں، مافیا کی طرح آپریٹ کررہی ہے، انہوں نے ہر شعبے میں رانا شمیم جیسے لوگوں کو استعمال کیا ہے۔

وزیراعظم نے ترجمانوں کو ہدایت کی کہ کرپشن کے خلاف بیانیے پر ’فرنٹ فٹ‘ پر کھیلیں۔ احتساب اور کرپشن کے خلاف بیانیے پر ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے خلاف بیانیے کے ساتھ حکومت کے اچھے کام اجاگر کریں۔

مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ شہزاد اکبر نے مشکل حالات میں بہترین کام کیا۔ شہزاد اکبر جانا چاہتے تھے، مافیا کے خلاف شہزاد اکبر کا کام قابل تعریف ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو مثبت معاشی اشاریے اجاگر کرنےکی ہدایت کی۔

عمران خان نے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کی معیشت پر مسلسل مثبت اشاریے دے رہے ہیں۔ پاکستانی معیشت درست سمت میں ترقی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری کمپنیاں ریکارڈ منافع کما رہی ہیں۔ معیشت کی ترقی کے اثرات جلد عوام کو منتقل ہوں گے۔