کراچی میں کورونا سے متاثرہ افراد رجسٹرڈ کیسز سے کہیں زیادہ ہیں: ڈاکٹر سعید

January 25, 2022

سی ایم کورونا ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر سعید خان کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر میں شدت ہے، جہاں رجسٹرڈ کیسز سے کہیں زیادہ لوگ متاثر ہیں۔

یہ بات رکنِ سی ایم کورونا ٹاسک فورس ڈاکٹر سعید خان نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ رواں کورونا وائرس کی لہر میں کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 46 فیصد تک ریکارڈ کی جا چکی ہے۔


سی ایم کورونا ٹاسک فورس کے رکن نے امید ظاہر کی کہ فروری کے آغاز سے کراچی میں کورونا کیسز بتدریج کم ہونے کا امکان ہے۔

ڈاکٹر سعید خان کا مزید کہنا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا امکان ہے۔

سی ایم کورونا ٹاسک فورس کے رکن کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور بالائی پنجاب کے لوگوں کو خاص احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، کورونا کیسز کی تعداد کے حوالے سے شہرِ قائد ملک کے دیگر شہروں سے تاحال آگے ہے، جہاں اس کے مثبت کیسز کی شرح بھی مسلسل 40 فیصد سے زائد ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

محکمۂ صحت کے مطابق شہرِ قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 4 ہزار 779 ٹیسٹ کیے گئے جن کے نتیجے میں 1 ہزار 944 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمۂ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 40 اعشاریہ 68 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 43 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، تاہم یہاں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 اعشاریہ 81 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 6 ہزار 357 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 17 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مزید 556 مریض شفایاب ہو گئے۔

پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 122 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 81 ہزار 152 ہو چکی ہے۔