ٹرانسپیرنسی رپورٹ، مریم اورنگزیب کا فواد چوہدری کے ٹوئٹ پر ردّ عمل

January 26, 2022

فائل فوٹو

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فواد صاحب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل عمران صاحب کو چور کہہ رہی ہے،کمال ڈھٹائی، بےشرمی ہے، کرپشن کا عالمی سرٹیفکیٹ لینے کے باوجود آپ کی جھوٹی زبان چلے جا رہی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد عمران صاحب سے پوچھ لیں کہ ٹرانسپیرنسی کس کرپشن کی نشاندہی کرتی ہے، ملک میں تاریخی کرپشن اور لوٹ مار جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور عوام ساڑھے 3 سال سے منظم عمران مافیا کا سامنا کررہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی نے واضح طور پر بتایا کہ سرکاری معاملات میں ہر طرح کی کرپشن بڑھی ہے، آٹا، چینی، دوا، بجلی اور کوویڈ فنڈ میں چوری کے تمام قصے اس رپورٹ میں ہیں۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نےسماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ایک بے سروپا رپورٹ آتی ہے، اور پریس ریلیز پر ہیڈ لائنیں لگ جاتی ہیں، کرپٹ اپوزیشن کی بھی یہ جرأت ہوئی کہ حکومت پر تنقید کر سکیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کی تھی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا ہے۔