ٹرانسپیرنسی رپورٹ پر وزیراعظم کا ردعمل حیران کن ہے، شیری رحمٰن

January 26, 2022

پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر وزیراعظم اور وزراء کا ردعمل حیران کن ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ‏قبلہ درست کرنے کے بجائےحکومت رپورٹ پرسوال اٹھا رہی ہے، میں نہ مانوں کے رویے سے حقیقت تبدیل نہیں ہوجائے گی۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ ‏نیب چیئرمین نے کہا تھا کہ اس حکومت کے کرپشن کیسز کھلے تو چل نہیں سکے گی، چینی، گندم، ادویات، پیٹرول اور دیگر میگا کرپشن کیسز کی انکوائری ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن کیسز کی انکوائری ہوئی تو اصلیت کھل کر سامنے آجائے گی، احتساب کے ادارے پر تالا لگانے والے بڑھتی کرپشن کو جھٹلا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان سے متعلق رپورٹ پر گفتگو ہوئی تھی، جس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات کیے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کی تھی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا ہے۔