کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی بدترین فسطائیت اور ریاستی جبر کے خلاف 15فروری اتوار کو پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے منعم ظفر خان سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ سندھ اسمبلی پر دھرنے سے روکنے کے لیے جماعت اسلامی کے پُرامن و نہتے کارکنوں پر پولیس کا وحشیانہ تشدد، لاٹھی چارج و شیلنگ، درجنوں کارکنان گرفتاری کے حوالے سے ادارہ نور حق میں رات گئے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے وحشیانہ تشدد، شیلنگ و لاٹھی چارج کے بعد رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق سمیت ہمارے 50 سے زائد کارکنان گرفتار اور لاپتا ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پولیس شاہ سے زیادہ شاہ کی وفادار نہ بنے،شرجیل میمن اور دیگر وزراء آئیں اور دیکھیں ہزاروں کی تعداد میں آنسو گیس کے خول موجودہیں۔ یہ دہشت گردی ہے جو کسی صورت میں قبول نہیں کی جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پورے ملک کے عوام اہل کراچی کی جدو جہد میں ان کی پشت پر ہیں، قابض مئیر کو قابض مئیر اور قابض سسٹم کو قابض سسٹم ہی کہا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کورٹ روڈ پر ہنگامی پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ آج شہر کی 10مرکزی شاہراؤں پر احتجاجی دھرنے دینگے جن میں شارع فیصل، شاہراہ قائدین، سپر ہائی وے، نیشنل ہائی وے، شاہراہ اورنگی، شاہراہ کورنگی، شاہراہ پاکستان، ماڑی پور روڈ و دیگر شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارکنوں پر ایکسپائرڈ شیل چلائے گئے، پی پی حکومت نے فاشزم اور فسطائیت کا مظاہرہ کیا ، شہریوں کے حقوق لیکر رہیں گے، جدوجہد جماعت اسلامی کی پہچان ہے جو اب کسی صورت نہیں رکے گی۔