کراچی(عبدالماجدبھٹی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کانٹے دار میچ اتوار کی شام کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،میچ کے لئے دونوں ملکوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں کرکٹ کا فیور اپنے عروج پر ہے،میچ کے ٹکٹ نایاب ہوگئے ہیں، بلیک مارکیٹنگ عروج پرپہنچ گئی، دونوںممالک کے کشیدہ تعلقات ،بڑھتے فاصلے، سیاسی مداخلت اور سوشل میڈیا کے دباؤکی وجہ سےدونوں ٹیموں کو کھیل کے میدان میں چیلنجز کا سامنا ہے، کھلاڑی ہاتھ ملائیں گے یا نہیں؟پاکستانی کپتان سلما ن علی آغا کا کہنا ہے کہ کھیل کو کھیل کے حقیقی جذبے کیساتھ کھیلا جانا چاہئےکہ انڈین ٹیم جو بھی طریقہ چاہیں، ہمیں اتوار کو ہی پتہ چلے گا، عثمان طارق ٹرمپ کارڈ ہیں،بھارت کی پوری پلیئنگ الیون کیلئے پلان کیا ہوا ہے، بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کا ہینڈ شیک معاملے پر کہنا ہے کہ ہینڈ شیک کیلئے24 گھنٹے انتظار کرلیں، سری لنکا کے دارلحکومت میں میچ والے دن بارش کی پیش گوئی بھی ہے ، میچ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے،ٹاس میں تاخیر یا اوورزمیں کمی کا خدشہ ہے،ہفتے کی شام بار ش کی وجہ سے بھارتی ٹیم کا ٹریننگ سیشن بھی متاثر ہوا۔میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ہمارا ورلڈ کپ میں ریکارڈ اچھا نہیں رہا، لیکن ہم نے تاریخ سے سیکھا ہے، کوشش ہو گی کہ اچھا کھیلیں، یہ ایک بہت بڑا میچ ہے اور اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے، ہم اس میچ کےلئے ہمیشہ تیار تھے، خواہ فیصلہ کچھ بھی ہوتا، انہوں نے اسپنر عثمان طارق کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے انہیں ٹیم کا’ٹرمپ کارڈ‘ قرار دیا اور کہا کہ دیگر اسپنررز بھی فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں، سلمان آغا نے کہا کہ بابر اعظم رنز کررہے ہیں، بارش ہوئی تو اس کے مطابق کھیلنے کا پلان بنا رکھا ہے،میچ جیتنے کے لئے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی،بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کا کہنا ہے کہ پاکستانی اسپنر عثمان طارق مختلف کرکٹر ہیں لیکن ہم ان کیخلاف ہتھیار نہیں ڈال سکتے، ہم نے پلان کیا ہوا ہے، پاکستان نے ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلی،یہاں بھی اچھی کھیل رہے ہیں،پاک بھارت میچ کا پریشر ہوتا ہے اعصاب پر قابو پا کر اچھی کرکٹ کھیلنا ہوتی ہے۔سلمان علی آغا نے ابھیشک شرما کے حوالے سے کہا، "مجھے امید ہے کہ وہ کل کھیلیں گے، میں ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں، ہم بہترین کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں، ان کے لئے نیک خواہشات ہیں۔ انہوں نے کہا سمجھ نہیں آرہا کہ عثمان طارق کے ایکشن پر اتنی بات کیوں ہو رہی ہے، ان کا ایکشن آئی سی سی کلیئر کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ ان کے ایکشن کے بارے میں کیا بول رہے ہیں، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، عثمان طارق کا کردار اہم ہے، لیکن ٹیم کے دوسرے اسپنرز بھی بہترین پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے لیے تمام کھلاڑی ایک برابر ہیں اور ٹیم کل کے بڑے مقابلے کے لئے تیار ہے۔ اتوار کو بارش کے امکان کے حوالے سے سلمان آغا نے کہا کہ پاکستان ٹیم حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کے لئےتیار ہے۔ہم موسم کو کنٹرول نہیں کر سکتے، لیکن اگر میچ مختصر ہوا تو ہم اس کے مطابق حکمت عملی بنائیں گے۔ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت چکی ہیں۔سوریا کمار یادیو نے کہا کہ پاک بھارت میچ صرف گیم ہے، ایسا نہیں کہ ہم کم کھیلتے ہیں۔ پاکستان کے خلاف میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کوشش کریں گے۔