انصاف کی فوری اور یقینی فراہمی کا تعلق گورننس کی بہتری سے ہے، وزیراعظم

January 26, 2022


وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ دورِ حکومت میں عدلیہ آزاد ہے، انصاف کی فوری اور یقینی فراہمی کا تعلق گورننس کی بہتری سے ہے۔

وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت سول قانون میں اصلاحات پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء فروغ نسیم، فواد چوہدری، معاونِ خصوصی شہباز گِل، وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شریک ہوئے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت پاکستان میں قانون کی بالا دستی کے لئے اصلاحات لے کر آئی، لوگوں تک فوری اور سستے انصاف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

اجلاس کو 3 سالہ دور حکومت میں نافذ کی گئی اصلاحات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ وراثتی سرٹیفکیٹ کی فراہمی اسلام آباد میں جنوری 2021 سے جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وراثتی سرٹیفکیٹ کی فراہمی خیبرپختونخوا میں دسمبر2021 سے یقینی بنائی جارہی ہے، بلوچستان میں بھی اس کے قانون کی منظوری پر تیزی سے کام جاری ہے۔

اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک مجموعی طور پر 10 ہزار 485 خاندانوں نے وراثتی سرٹیفکیٹ حاصل کیا، اوور سیز پاکستانیوں کے لئے بیرونِ ملک پاکستانی سفارت خانوں میں 22 کاؤنٹرز قائم کیے جس میں 12 ممالک شامل ہیں۔

اجلاس میں پارلیمانی سیکٹری ملیکہ بخاری اور اعلی افسران بھی شریک ہوئے، اس کے علاوہ وزیرِ اعلیٰ کے پی محمود خان، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، فضل شکور خان ویڈیو لنک پر شریک ہوئے۔