ماہرہ خان فٹبال کو فروغ دینے کیلئے میدان میں آگئیں

January 28, 2022

کراچی(پی پی آئی)پاکستانی معروف اداکارہ ماہرہ خان بھی ملک میں فٹبال کو فروغ دینے کیلئے میدان میں آگئی ہیں۔سابق برطانوی لیجنڈ فٹبالر مائیکل اوون ملک میں فٹبال کو فروغ دینے کےلئے3روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں۔ ماہرہ نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر کامیاب جوان پاکستان کے تحت ملک بھر سے فٹبال کے نئے ٹیلنٹ کو ڈھونڈنے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ ڈرائیوکی پروموشنل ویڈیو شیئر کردی۔ویڈیو کے کیپشن میں ماہرہ نے لکھا کہ وہ اس حیرت انگیز اور زبردست اقدام کا حصہ بننے پر بہت خوش اور پرجوش ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے نوجوان کو ہمت دی اور کہا کہ دنیا کو دکھائیں کہ آپ لوگ کتنے باصلاحیت ہیں۔اداکارہ نے سابق برطانوی فٹبالر مائیکل اوون کے پاکستان آنے پرخوش آمدید کہتے ہوئے ملک میں فٹبال کے ایک نئے دور کے آغاز پر اپنی نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔