گھر میں کام کاج کے دوران جنات کی آمد ہوئی، سر میں کیل والی خاتون کا بیان

February 11, 2022

خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے معاملے پر مزید پیشرفت سامنے آئی ہے، متاثرہ خاتون باز گلہ نے کہا کہ مجھے جنات کے اثرات کی شکایت ہے، گھر میں کام کاج کے دوران جنات کی آمد ہوئی۔

سر میں کیل والی خاتون کا پولیس کو دیا گیا تحریری بیان جیو نیوز کو موصول ہوگیا۔

متاثرہ خاتون باز گلہ کا کہنا ہے کہ گھر میں کام کاج کے دوران جنات کی آمد ہوئی، مجھے جنات کے اثرات کی شکایت ہے، کمرے کے سامنےگری تو میرے سر میں کیل لگی اور زخمی ہوگئی۔

خاتون نے کہا کہ کسی شخص نے میرے سر میں کیل نہیں ٹھوکی، کسی کےخلاف کوئی دعویٰ نہیں ہے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز ہارون الرشید کے مطابق خاتون کا ماہر نفسیات سے طبی معائنہ کروایا گیا ہے، میڈیکل چیک اپ کے مطابق خاتون ڈپریشن کی مریضہ ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ حال ہی میں متاثرہ خاتون کے والد کا انتقال ہوا ہے جبکہ خاتون کو ڈاکٹر نے دو ہفتے بعد دوبارہ چیک اپ کروانے کا مشورہ دیا ہے، متاثرہ خاتون کا سال 2017 سے علاج چل رہا ہے۔

واضح رہے کہ سر میں کیل ٹھوکے جانے سے زخمی ہونے والی مذکورہ خاتون بازگلہ کو لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا تھا جہاں اس کے سر سے سرجری کے ذریعے کیل نکالی گئی تھی۔