میرا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، بہروز سبزواری کی وضاحت

May 14, 2022

کراچی (آئی این پی) سینئر اداکار بہروز سبزواری نے اپنے بیٹے اداکار شہروز سبزواری سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اپنے بیان کی حقیقت بتادی۔ بہروز سبزواری کے نام سے سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ وائرل ہوئی جس میں عمران خان کی حمایت پر ان کے اپنے بیٹے شہروز سبزواری کے لیے سخت الفاط درج کیے گئے تھے۔ تاہم اب سوشل میڈیا پر ہی سامنے آنے والی ویڈیو میں بہروز سبزواری نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ان کے نام سے وائرل ہونے والا ٹوئٹ جعلی ہے ۔ ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ میرا کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کوئی اکائونٹ نہیں ہے، میرے نام سے چلنے والے تمام اکائونٹ جعلی ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں نے ایف آئی اے سائبر کرائم میں رپورٹ درج کروادی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں ۔ واضح رہے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر شہروز سبزواری کا اہلیہ صدف کنول کے ہمراہ ایک انٹرویو کلپ وائرل ہوا تھا جس میں شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ اگر میرے والد نے میرے پیٹ میں حلال رزق ڈالا ہے تو ایسا ہو نہیں سکتا کہ میں عمران خان کو فالو نہ کروں ، سادہ سی بات ہے جس میں کوئی دو رائے نہیں ۔