کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام سراسر غلط ہے، کیارا ایڈوانی

May 15, 2022

ممبئی (آئی این پی )بولی وڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ کیارا ایڈوانی نے کرن جوہر کے ہندی فلم انڈسٹری میں اقربا پروری کے معاملے پر ان کے حق میں آواز بلند کر دی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کیارا ایڈوانی نے کہا ہے کہ کرن جوہر پر یہ الزام سراسر غلط ہے کہ وہ ہندی فلم انڈسٹری میں اقربا پروری کے مرتکب ہوئے ہیں۔انہوں نے کرن جوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ تو بولی وڈ میں نئے آنے والے اسٹارز کی کافی مدد کرتے ہیں، اس حوالے سے کیارا نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بتایا کہ جب وہ بطور اداکارہ انڈسٹری میں جگہ بنانے کی جدوجہد کررہی تھیں تو انہیں ڈیزائنرز تک نے مسترد کردیا تھا لیکن کرن جوہر نے انہیں سپورٹ کیا۔حالیہ انٹرویو میں کیارا ایڈوانی نے بتایا کہ کرن جوہر پر آج اقربا پروری کے حوالے سے تنقید کی جارہی ہے لیکن انہوں نے میری مدد کی اور ایسا اس وقت کیا جب میری کوئی حیثیت نہیں تھی۔کبیر سنگھ اور شیر شاہ جیسی بہترین فلموں میں ہیروئن کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والی کیارا ایڈوانی نے ان خیالات کا اظہار اپنی آئندہ آنے والی فلم بھول بھلیاں ٹو کی پروموشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں مزید کہا کہ کرن جوہر اور فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا بے غرضی کے ساتھ نئے لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔