علی سیٹھی کا مقبول گانا’چاندنی رات‘ بھارتی ویب سیریز میں کاپی

May 15, 2022

علی سیٹھی، فائل فوٹو

معروف پاکستانی گلوکار علی سیٹھی کا مقبول گانا ’چاندنی رات‘ نئی بھارتی ویب سیریز’ماڈرن لوو: ممبئی‘میں کاپی کیا گیا ہے۔

کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 میں ریلیز ہونے والے گانے’پسوڑی‘ کی شہرت کے بعد میڈیا کی توجہ کا مرکز بننے والے علی سیٹھی ایک بار پھر اپنے ایک پرانے گانے’چاندنی رات‘ کی وجہ سے خبروں میں آگئے ہیں۔

علی سیٹھی کا مقبول گانا اسٹریمنگ سروس ایمزون پرحال ہی میں ریلیز ہونے والی نئی بھارتی ویب سیریز’ماڈرن لوو: ممبئی‘ کی’بائی‘ کے عنوان سے نشر کی گئی قسط نمبر 2 کے بیک گراؤنڈ میں سنا جاسکتا ہے۔

ہنسل مہتا کی ہدایت کاری میں بننے والی بھارتی سیریز کی اس قسط میں ایک ہم جنس پرست جوڑے کے درمیان رومانس کی کہانی دکھائی گئی ہے۔

چاندنی رات، ایک ایسا گانا ہے جو کہ طویل عرصےجدائی کے بعد دوبارہ ملنے کی خوشی کو پیش کرتا ہے، سیریز میں اس گانے کو ایک دردناک سین کے پس منظر میں کاپی کیا گیا ہے جہاں بہت سے لوگوں کی محبت بکھر رہی ہے۔

یہ گانا محبت کے جذبے کی اس خوبصورتی کو پیش کرتا ہے جس میں ایک عاشق دور دراز ملک میں ہوتا ہے اور اسے اپنے محبوب سے ملنے کی اور اسے دیکھنے کی کوئی امید نہیں ہوتی، لیکن پھر بھی یہ اس کی آرزو ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ ’چاندنی رات‘ اصل میں ایک غزل ہے جو کہ تقریباََ 37 برس پرانی ہے تاہم، 2019 میں گلوکار علی سیٹھی نے اسے اپنی آواز میں ایک نئے انداز میں پیش کیا تھا۔