امریکا پاکستانی معیشت کی بہتری کیلئے بھرپور تعاون پر تیار

May 18, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پاکستانی معیشت کی تعمیر نو کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ون آن ون ملاقات کی بھی تصدیق کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر دوطرفہ طور پر کام جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا، پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری مذاکرات کا بھی خیر مقدم کرتا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو تین روزہ امریکی دورے پر نیویارک پہنچ گئے ہیں، وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور صدر اقوام متحدہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

دورہ امریکا میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو اٹلی اور جرمنی کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔