بلوچستان کے صوبائی وزیر طارق مگسی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

May 18, 2022


وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کو بڑا دھچکا لگا ہے، ان کے اہم ساتھی صوبائی وزیر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نوابزادہ طارق مگسی نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔

نوابزادہ طارق مگسی نے اپنا استعفیٰ قائم مقام گورنر بلوچستان کو بھجوادیا۔

قائم مقام گورنر بلوچستان کو بھجوائے گئے استعفے کے متن میں صوبائی وزیر نظم و نسق طارق مگسی کا کہنا تھا کہ میں موجودہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تحریک پر دستخط کر چکا ہوں اس لیے اخلاقی طور پر میرا بطور صوبائی وزیر کام کرنا مناسب نہیں ہے، اس لئے صوبائی وزیر کی حیثیت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔

نوابزادہ طارق مگسی نے اپنا استعفی گورنر بلوچستان کو ارسال کردیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروادی گئی ہے، جس پر 14 اراکین صوبائی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کیلئے سابق وزیراعلیٰ جام کمال اور سردار یار محمد رند بلوچستان اسمبلی پہنچے۔

دوسری طرف ترجمان حکومت بلوچستان فرخ عظیم شاہ نے یقین ظاہر کیا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کےخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی۔

فرخ عظیم شاہ نے کہا کہ اگلے پانچ سال بھی میر عبدالقدوس بزنجو ہی وزیر اعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ کےخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کےلئے 33 ووٹ درکارہوں گے۔

وزیر اعلیٰ کےخلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کروانے کے لیے 17 اراکین کی حمایت لازمی ہے۔