سرکاری ریڈیو کی یونین نے اپنے ڈی جی کیخلاف الزامات بے بنیاد قرار دیدیئے

May 19, 2022

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ریڈیو پاکستان کی CBA یونین یونائیٹڈ سٹاف آرگنائزیشن کا ہنگامی اجلاس سنٹرل یونین آفس میں چیئرمین احمد نواز خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں درختوں کی فروخت کے حوالے سے سینیٹر عرفان صدیقی کی طرف سے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو لکھے گئے خط اورمیڈیا میں ریڈیو پاکستان جیسے عظیم ادارے اور اس کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل کے خلاف جاری ہونے والی خبروں کا بغور جائزہ لیا گیا، اجلاس میں تمام یونین کے اراکین اس بات پر متفق تھے کہ درختوں کی نیلامی کے حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے اور کسی قسم کی کوئی بے قاعدگی نہیں پائی گئی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو لکھے جانے والا خط اور میڈیا میں جاری ہونے والی خبریں بے بنیاد،من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔مزید اس بات پر زور دیا کہ ریڈیو کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل کی کردار کشی ذاتی عناد کی بنیاد پر کی گئی جو کہ ایک نیک شہرت رکھنے والے دیانت دار،محنتی اور بے داغ سینئر آفیسر ہیں۔