امید ہے آئندہ سماعت پر پولیس دعا کو لے آئیگی، والد

May 19, 2022

پوری امید ہے کہ پولیس کی کوششیں مزید تیز ہوجائیں، والد دعا زہرہ

دعا زہرہ کے والد مہدی علی کاظمی کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے آئندہ سماعت پر پولیس دعا کو عدالت لے آئے گی، کل کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں، کتنی ہوئیں یہ پتہ نہیں ہے۔

سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعا زہرہ کے والد مہدی علی کاظمی نے بتایا کہ پولیس نے بچی کو بازیاب کراکے آج بھی عدالت میں پیش نہیں کیا۔

مہدی علی کاظمی کا کہنا تھا کہ عدالت نے پولیس کو 24 مئی کو بچی کو پیش کرنے کا پابند کیا ہے، پوری امید ہے کہ پولیس کی کوششیں مزید تیز ہوجائیں گی۔

مہدی علی کاظمی نے مزید بتایا کہ امید ہےآئندہ سماعت پر پولیس بچی کو لے آئے گی۔

گزتشہ روز پولیس نے دعا زہرا کے نکاح خواں قاری حافظ غلام مصطفی کو حراست میں لے لیا تھا۔

پولیس کے مطابق نکاح خواں قاری غلام مصطفیٰ نے دعا زہرا کا جعلی نکاح پڑھایا تھا۔

واضح رہے کہ کراچی سے لاپتہ ہونے والی دعا زہرہ نے لاہور سے جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ میں اپنے گھر میں خاوند کے ساتھ بہت خوش ہوں، خدارا مجھے تنگ نہ کیا جائے۔

ویڈیو پیغام میں دعا زہرہ کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی مرضی سے ظہیر احمد سے شادی کی۔

اپنے ویڈیو پیغام میں دعا زہرہ نے کہا تھا کہ میرے گھر والے مجھے مارتے تھے، زبردستی کسی اور سے شادی کرانا چاہتے تھے جس پر میں راضی نہیں تھی۔

دعا زہرہ کو لاہور کی ماڈل ٹائون کچہری میں بھی پیش کیا گیا، جہاں اس نے اپنا بیان قلم بند کروایا تھا۔

عدالت نے حکم میں کہا کہ دعا زہرہ جہاں جانا چاہے جا سکتی ہے۔