میں اس وقت جنت انجوائے کررہا ہوں، نعمان اعجاز کی افواہوں کی تردید

May 22, 2022

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے سینئر اداکار و میزبان نعمان اعجاز نے سوشل میڈیا پر خود سے متعلق افواہوں کی تردید کردی۔اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام علیکم، میں نعمان اعجاز سیدھا جنت سے، آپ سب سے مخاطب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یہ خبر چلی کہ میری حالت نازک ہے اور میں زندگی، موت کی کشمکش میں ہوں جس بھائی نے بھی یہ خبر چلائی اُسے ڈھیروں فالوورز مل گئے ہوں گے اور ہوسکتا ہے یوٹیوب والے اسے 400 یا 500 ڈالر کا چیک بھی دے دیں لیکن میں جنت میں پہنچ گیا ہوں۔اداکار نے کہا کہ میں اس وقت جنت انجوائے کررہا ہوں اور دُعا بھی کررہا ہوں کہ خبر چلانے والا بھائی بھی جلدی جنت میں آجائے تاکہ ہم آگے کا منصوبہ بنائیں کہ اب کس کو سوشل میڈیا پر مارنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ آج کل لوگ بےحس ہوچکے ہیں، انہیں ذرا شرم نہیں آتی کہ اس طرح کی خبروں سے دوسرے لوگوں کو کس قدر پریشانی ہوگی۔واضح رہے کہ یوٹیوب پر ایک خبر شیئر کی گئی تھی جس میں کہا گیا کہ نعمان اعجاز کی حالت تشویشناک ہے، وہ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔