علی ظفر کا ڈراموں میں کام کرنے کا کیا ارادہ ہے؟

May 23, 2022

علی ظفر، فائل فوٹو

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ ایک چِٹ چیٹ سیشن رکھا اور مداحوں کے سوالات کے دلچسپ جوابات دیے۔

علی ظفر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میری فلائٹ منسوخ ہو گئی ہےاور میں کافی بور ہو گیا ہوں۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’چلو ایک سوال جواب کا سیشن کرلیتے ہیں؟ کوئی مزے کا سوال ہو تو پوچھیں۔‘

علی ظفر کے اس ٹوئٹ کے بعد ان کے مداحوں نے دلچسپ سوالات کی بھر مار کردی۔

ایک صارف نے سوال پوچھا کہ’تو کیا آپ کا ڈرامہ انڈسٹری میں کام کرنے کا کوئی ارادہ ہے؟ چونکہ عاطف بھی کام کر رہے ہیں۔‘

صارف نے مزید لکھا کہ’ آپ اور مایا علی یا ہانیہ عامر کسی بھی ڈرامے میں بہترین جوڑی ثابت ہوں گے، تو کیا خیال ہے؟‘

گلوکار نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’ نہیں، ابھی ڈراموں میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘

جبکہ ایک اور صارف نے ایک دلچسپ سوال پوچھا کہ’ شہزاد رائے اور آپ بوڑھے کب ہوگے؟ ابھی تک جوان ہو۔‘

اس سوال کا مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے علی ظفر نے لکھا کہ’میں جب بچہ تھا تو شہزاد رائے نے ٹی وی پر گانا شروع کردیا تھا۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں شہزاد رائے کو ٹیگ کرکے اس حوالے سے اُنہیں بھی اپنی رائے دینے کا کہا۔