جتھے اور غنڈا گردی برداشت نہیں کی جائے گی، رانا ثناء اللّٰہ

May 23, 2022

فوٹو: فائل

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران نیازی جھوٹا ہے، جتھے اور غنڈہ گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایک بیان میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ معیشت تباہ کرنے والا مارچ کا اعلان کر کے یہ معاشی بحالی روکنے کیلئے نکل رہے ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی زبان میں انتشار اور فساد ہے وہ پرامن نہیں رہ سکتا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2014 میں 126 دن غنڈہ گردی کی گئی، پارلیمنٹ اور سرکاری عمارتوں پر حملے ہوئے، 2014 میں بھی عمران خان نے جھوٹ بولا، ان پر کسی کو اعتبار نہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی نے جمہوریت کا گورکن بننے کی کوشش کی تو قانون نمٹے گا، شرافت کے دائرے سے جو نکلے گا، قانون اسے شرافت کے دائرے میں واپس لائے گا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے۔

عمران خان نے واضح پیغام دیا کہ نیوٹرل رہنے کا کہنے والے اب نیوٹرل رہیں، بیورو کریسی کو بھی دھمکی دی کہ کوئی غیر قانونی کام کیا تو ایکشن لیں گے۔