گانے’نچ پنجابن‘ کے بعد فلم ’جگ جگ جیو‘ کا اسکرپٹ بھی چوری کا نکلا

May 24, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فلمساز کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی فلم "جگ جگ جیو" کا اسکرپٹ بھی چوری کا نکلا۔ یہ دعویٰ فلمی نقاد کمال راشد خان نے کیا ہے۔ انہوں نے ابرار الحق کے گانے "نچ پنجابن" کو بنا اجازت فلم میں شامل کیے جانے کے بعد فلم کا اوریجنل اسکرپٹ شیئر کردیا۔ کے آر کے نے کرن جوہر سے کہا کہ تم نے تو کھلم کھلا لوٹ مچا رکھی ہے، اسکرپٹ یہاں سے چوری، گانا ابرار الحق کا چوری کرلیا، تمہاری اپنی تخلیقی صلاحیت کہاں ہے، اگر تم اتنے ہی نام نہاد جینئس فلم میکر ہو تو کچھ تو اوریجنل رکھو۔خیال رہے کہ کرن جوہر کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی فلم "جگ جگ جیو" میں پاکستانی گلوکار ابرار الحق کا گانا "نچ پنجابن" ان کی اجازت کے بغیر شامل کیا گیا ہے جس پر ابرار نے عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ ابرار الحق کے اس اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کے آر کے نے کہا کہ اگرچہ گانے کو چوری سے فلم میں شامل کرنے کا عمل غلط ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کاپی رائٹ کا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے۔ اس کا ایک ہی حل ہے کہ عالمی عدالت سے رجوع کیا جائے لیکن ایسا آپ کریں گے نہیں تو اس لیے سکون کرو اور مزے لو۔جبکہ متعدد انٹرٹینمنٹ لیبلز کو کنٹرول کرنے والی ایجنسی’مووی باکس‘ نے ٹوئٹر پر ابرارالحق کی جانب سے بھارتی فلم’جگ جگ جیو‘میں اپنامشہور گانا ’نچ پنجابن‘ کو کاپی کیے جانے کے دعوے پر اپنا بیان جاری کیا ہے۔