75 ویں کانز فلم فیسٹیول میں پاکستانی فیچر فلم ’جوائے لینڈ‘ نمائش کیلئے پیش

May 24, 2022

کانز(مانیٹرنگ ڈیسک)75ویں کانز فلم فیسٹیول میں اتوار کو پاکستانی فیچر فلم ʼجوائے لینڈ نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ یہ پہلا موقع ہے جب کوئی پاکستانی فلم کانز فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کی گئی ہو۔’جوائے لینڈ‘ کی اسکریننگ کے موقع پر سینئر اداکارہ ثانیہ سعید اور ثروت گیلانی سمیت فلم کے ہدایت کار صائم صادق، فلم ساز و اداکار سرمد کھوسٹ اور فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ٹرانس اداکارہ علینہ خان نے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرے۔اس کے علاوہ فلم ʼجوائے لینڈ کی کاسٹ میں شامل رستی فاروق، علی جونیجو اور پروڈیوسر زاپرووا چرن اور لورن مین کے ساتھ ساتھ کاسٹنگ ڈائریکٹر ثنا جعفری نے بھی کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی۔یاد رہے کہ اس سے قبل کوئی بھی پاکستانی فیچر فلم کانز فلم فیسٹیول کے لیے منتخب نہیں ہوئی۔البتہ ہدایت کار صائم صادق ہی کی مختصر فلم ʼڈارلنگ 2019میں کانز میں پیش کی گئی تھی۔اس کے علاوہ اس فلم نے ʼوینس فلم فیسٹیول میں بہترین مختصر فلم کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔صائم صادق کی فلم ʼجوائے لینڈ کو کانز فلم فیسٹیول 2022 میں ʼان سرٹن ریگارڈ کیٹگری کے لیے منتخب کیا گیا۔ اس کیٹگری میں دنیا بھر سے20نئے ہدایت کاروں کی فلموں کو جگہ دی جاتی ہے۔’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے جس کے سب سے چھوٹے بیٹے کو ایک ٹرانس جینڈر ڈانسر سے محبت ہو جاتی ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ایک ٹرانس جینڈر سے محبت کرنے پر لڑکے کے خاندان کو کن کن حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔برطانیہ میں مقیم پاکستانی فلم ساز جمیل دہلوی کی فلم ʼدی بلڈ آف حسین 1980 میں کانز فلم فیسٹیول میں پیش کی جاچکی ہے۔