بھارت سے یاسین کی زندگی کی بھیک نہیں مانگیں گے: مشعال ملک

May 26, 2022

فائل فوٹو

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ وہ نامور رہنما بھارتیوں کے سامنے یاسین ملک کی زندگی کی بھیک نہیں مانگیں گے اور نہ ہی ہتھیار ڈالیں گے۔

مشعال ملک نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر یاسین ملک کے ہمراہ لی گئی اپنی یادگار تصویر شیئر کی۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہم کبھی ہار نہیں مانیں گے اور نہ ہی ہاریں گے، یاسین ملک دھرتی کا بیٹا ہے۔‘

مشعال ملک نے کہا کہ جب تک آسمان نہ ہل جائے، ہر کشمیری اور پاکستانی یاسین ملک کی رہائی کا مطالبہ کرتا رہے۔


یاسین ملک کی اہلیہ نے مزید کہا کہ ’آزادی کی جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔‘

اُنہوں نے اپنے ایک اور بیان میں کہا کہ ’یاسین ملک کو کسی بھی موقع پر دفاع کا موقع نہیں دیا گیا، یاسین ملک کو کالے قانون کے تحت سزا دی گئی۔‘

مشعال ملک نے یہ بھی کہا کہ ’جتنے بھی مقدمے ڈالنے ہیں ڈالیں، ہمیں موت سے ڈر نہیں لگتا، کشمیری قوم یاسین ملک کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ کشمیری مودی کی صورت میں وقت کے یزید کا مقابلہ کررہے ہیں، یاسین ملک کی بہادری اور ہمت پر فخر ہے، تمام کشمیری یاسین ملک کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی عدالت نے کشمیری رہنما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) یاسین ملک کو جھوٹے کیس میں عمر قید کی سزا سنادی۔

بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی عدالت نے یکطرفہ ٹرائل کے بعد 19 مئی کو یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔