حکومت کا 31 مئی سے پہلے گورنر پنجاب کا نوٹیفکیشن جاری کرنے پر غور

May 26, 2022

وفاقی حکومت نے31 مئی سے پہلے گورنر پنجاب کا نوٹیفکیشن جاری کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل کرلی ہے، ایڈوائس مسترد ہونے پر حکومت گورنر پنجاب کا تقرر کسی بھی وقت کرسکتی ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے ایڈوائس مسترد کرنے پر حکومت گورنر کا فوری تقرر کردے۔

ذرائع نے بتایا کہ بلیغ الرحمٰن کا بطور گورنر پنجاب نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع نے کہا کہ گورنر پنجاب کے تقرر کے بعد پنجاب کی کابینہ بھی تشکیل پائے گی۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل نئے گورنر پنجاب کی تقرری کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے دوسری سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کی تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ارسال کی گئی نئی سمری میں بھی بلیغ الرحمٰن کو گورنر پنجاب لگانے کی سفارش کی گئی تھی۔