اسرائیلی وزیر دفاع کا دورہ بھارت، اہم سیکیورٹی معاہدے کا امکان

May 26, 2022

فوٹو: فائل

اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز اگلے ہفتے بھارت کا اہم دورہ کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی و دفاعی تعلقات کے 30 برس مکمل ہونے پر مشترکہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور بھارت کے درمیان خصوصی سیکیورٹی معاہدے کا بھی امکان ہے۔

جولائی 2017 میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ اسرائیل کے بعد دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات دفاعی شراکت داری میں تبدیل ہوگئے تھے۔

بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی وزیر دفاع اپنے تین روزہ دورے میں بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کریں گے۔

بھارت ان چند ممالک میں شامل ہے جو اسرائیل سے اربوں ڈالرز کا دفاعی ساز و سامان خریدتے ہیں لیکن اب دونوں ممالک مشترکہ طور پر ہتھیاروں کی تیاری پر کام کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے 17 ستمبر 1950 کو اسرائیل کو بحیثیت خودمختار ملک تسلیم کیا تھا لیکن دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کا باقاعدہ آغاز 29 جنوری 1992 سے ہوا تھا۔