25 مئی کو تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، شفقت محمود

May 26, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے صدر شفقت محمود نے کہا ہے کہ25 مئی کے دن کو تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ڈی سی، ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر افسران شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار نہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ نہتے کارکنوں، فیملیز پر تشدد، شیلنگ کے باوجود پارٹی رہنماؤں پر مقدمات قابل مذمت ہیں۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ مسرت چیمہ، جمشید اقبال چیمہ، زبیر نیازی، حسان نیازی پر مقدمات بدترین انتقامی کارروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس افسران سیاست سے لاتعلق رہیں، انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔

صدر پی ٹی آئی پنجاب کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کی ایما پر ن لیگ کے گلو بٹوں، غنڈوں نے نہتے کارکنوں پر بدترین تشدد کیا۔