آریان خان منشیات کیس میں کلیئر قرار

May 27, 2022

تصویر بھارتی میڈیا

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کروز ڈرگز کیس میں کلیئر کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان، جنہیں گزشتہ سال ممبئی میں کروز شپ پر چھاپے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، اُنہیں این سی بی کی طرف سے جاری کی گئی ایک مکمل چارج شیٹ میں بطور ملزم نامزد نہیں کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سینئر این سی بی افسر سنجے کمار سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’آریان اور موہک کے علاوہ تمام ملزمان کے پاس سے منشیات ملی تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایجنسی کو آریان خان اور دیگر پانچ افراد کے خلاف خاطر خواہ ثبوت نہیں مل سکے۔‘

ممبئی منشیات کیس کے اہم نکات:

واضح رہے کہ گزشتہ برس 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔

تقریباََ 28 دن جیل میں گزارنے کے بعد آریان خان کو گزشتہ برس 30 اکتوبر کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

ممبئی ہائیکورٹ نے آریان کی ضمانت کے لیے 14 شرائط درج کی تھیں، آریان خان پولیس کو بتائے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکتے اور انہیں ہر جمعہ کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

شرائط میں اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونا، اپنے دوست ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے ملزموں سے بات چیت نہ کرنا اور میڈیا سے بات نہ کرنا شامل ہیں۔

اگر ان شرائط میں سے کسی کی خلاف ورزی ہوتی تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) آریان خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کر سکتا تھا۔